چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے تیس سال اتنی محنت سے کرپشن کی کہ وہ کرپشن میں ماہر ہوگئے، ہم لاکھ کوشش کرتے ان کی کرپشن کا پتا نہ چلتا، بھلا ہو پاناما میں کام کرنے و الے ایماندار آدمی کا جس نے بھانڈا پھوڑا، انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاناما کیس میں انصاف ملا تو پاکستان بدل جائے گا۔
بہاول پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پھر حکومت اور شریف فیملی پر الزامات کی بھرمار کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بتائیں دو کمپنیوں کے مالک کون ہیں، نواز شریف نے مریم نواز کے نام پر پراپرٹی لی، ان کے پاس چوری کا پیسا تھا، اگر اس کیس میں انصاف ملا تو پاکستان بدل جائے گا،کسی طاقتور کی جرات نہیں ہوگی کہ پیسہ چوری کرکے باہر لے جائے،آنے والے دنوں میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔
عمران خان نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ نواز شریف کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں، لوگوں کو اکٹھا کررہے ہیں، فضل الرحمان کچھ بھی کرلیں، جو سونامی آرہی ہے نہ آپ خود کو بچاسکیں گے اور نہ نواز شریف کو بچاسکیں گے۔
عمران خان نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا وہ تیار ہوجائیں، رابطہ مہم کے ذریعے سب کا مقابلہ کریں گے۔