• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید نے عمران کی قیادت میں ایک بارپھر دھرنادینے کاعندیہ د یدیا

لاہور/بہاولپور (نیوز ایجنسیاں) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمران خان کی قیادت میں ایک بار پھر دھرنا دینے کاعندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس عمرمیں نوازشریف کے بچے ارب پتی بن گئے اس عمر میں تو ہمارے بچوں کا شناختی کارڈ نہیں بنتا، پاناما کا فیصلہ اسی ماہ آجائیگا، سپریم کورٹ کرپشن کیخلاف دیوار چین ہے، احتساب کا پرچم عدالت عظمیٰ سے ہی بلند ہوگا، ایک آدمی بھی گرفتار ہوا تو لائن لگ جائے گی، کوئی کچھ بھی کر لے نوازشریف 2018 میں نہیں ہونگے، میرا وقت آیا تو ایاز صادق کی بولتی بند کردوں گا، آصف زرداری بلاول پر بھاری نہ ہوتے تو اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بن سکتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب اور اس سے پہلے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ اپنا تابوت اپنے کندھے پر اٹھائے پھر تا ہوں تاہم کوشش کرینگے سیاسی تابوت سپریم کورٹ سے نکلے جب کہ اتفاق اسپتال میں مولانا کاپتہ نکال دیا گیاہے۔ بہاولپور روانگی سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ حکومت روز ایک ارب 30 کروڑ کے نوٹ روزچھاپ رہی ہے اور نواز حکومت نے ملکی قرضے میں 900 ارب روپے کا اضافہ کر دیا ہے، ملک میں کرپشن کا راج ہے، یہاں کرپشن نہ ہو تو ہر سال نیا سی پیک بن سکتا ہے۔ شیخ رشید نے ایک بار پھردھرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی توایک اور دھرنا دیں گے جس کیلئے قوم تیار رہے اور پی ٹی آئی کے بعد ہم سپریم کورٹ میں اپنا موقف پیش کریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ پاناما لیکس کیس میں ن لیگ نے جعلی دستاویزات پیش کی ہیں لیکن سپریم کورٹ کرپشن کیخلاف دیوار ِچین ہے، عدالت عظمی سے ہی احتساب کا پرچم بلند ہوگا، کوئی کچھ بھی کر لے نوازشریف 2018میں نہیں ہوں گے اور پاناما کا فیصلہ بھی اسی ماہ جنوری میں آجائے گا۔ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر آصف زرداری بلاول پر بھاری نہ ہوتے تو اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بن جاتا، جس پارلیمنٹ کا اسپیکر ایاز صادق جیسا شخص ہو اس سے کیا توقع رکھی جا سکتی ہے۔ شیخ رشید نے کوئلہ پلانٹ کے حوالے سے کہا کہ ساہیوال کوئلہ پلانٹ انسانی جانوں کےلئے نقصان دہ ہے، پلانٹ سے لوگ چین میں مر رہے ہیں اورساہیوال پلانٹ سے بھی لوگوں کے منہ کالے ہونگے۔ دریں اثناء ایک ٹی وی انٹرویو میں شیخ رشید نے کہاکہ پی پی اور مسلم لیگ ایک دوسرے کو بچانے میں لگیں ہوئے ہیں جب سیاست دان اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو ایک دوسرے پر کڑی تنقید کر تے ہیں اور جب اقتدار کے نشے میں اندھے ہو جاتے ہیں تو چور، چور کا تحفظ کرنے لگ جاتا ہے نواز شریف اور زرداری کب چاہیں گے کہ وہ ایک دوسرے کو پکڑیں۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی اور عمران خان کے اپنے معاملات ہیں یہ دونو ں ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہیں میں اس بارے میں کچھ نہیں کہوں گا پہلے عمران خان جاوید ہاشمی کو منہ نہ لگاتے نہ ہی آج خان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا۔ شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے بے حس ہو چکے ہیں وہ ادارے کو کنٹرول کرنے میں نا کام ہو چکے ہیں اس ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ادارے اور سسٹم بالکل مفلوج ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین