اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) سنیٹر سراج الحق نے کہا ہےکہ قاضی حسین احمد جیسے لوگ مرتے نہیں بلکہ وہ قوموں کی زندگی میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہتے ہیں۔ قاضی حسین احمد نے پاکستان میں اسلامی انقلاب کے لیے پوری زندگی جدوجہد کی ۔ انکی آرزوتھی کہ انہیں شہادت کی موت نصیب ہو ۔ ملک میں 70 سال سے قوم پر مسلط ظالمانہ نظام اور اسٹیٹس کو عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے اور انہیں ضروریات زندگی کی فراہمی میں ناکام ہوچکاہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی نے قاضی حسین احمد مرحوم کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ قاضی حسین ا حمد نے ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے بے مثال جدوجہد کی ۔ قاضی حسین احمد کے بیٹے آصف لقمان قاضی نے کہاکہ جماعت اسلامی کا ہر کارکن قاضی حسین احمد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کر رہاہے ۔ علامہ عارف واحدی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔