• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید نور کی اہلیہ رخسانہ نور طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں

Rukhsana Noor Wife Of Syed Noor Died After A Long Illness
فلم سازسید نورکی اہلیہ شاعرہ، صحافی اور فلم رائٹر رخسانہ نور58سال کی عمرمیں انتقال کرگئیں،ان کی تدفین بیٹیوں کی امریکا سےآمد کے بعد ہفتے کے روزہوگی۔

انہوں نے اپنے پسماندگان میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔ وہ کئی سال سے بلڈ کینسر میں مبتلا تھیں امریکا سے علاج کروانے کے بعد مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے ابلاغیات کے بعد انہوں نے1980ءمیں روزنامہ جنگ میں فیچر رائٹر کے طور پر کام کا آغاز کیا۔اس وقت ان کا نام رخسانہ آرزو تھا، 1984میں فلم سازسید نورسے شادی کے بعدرخسانہ نورکہلا ئیں ۔

ان کی شاعری کا مجموعہ ’’الہام‘‘ کے نام سے شائع ہوا تھا۔ انہوں نے سپر ہٹ فلم چوڑیاں کے ساتھ ساتھ مجاجن ،مہندی والے ہتھ ، لڑکی پنجابن ، سنگم ، ناگ اور ناگن،جھومر، دوپٹہ جل رہا ہے،جیسی کامیاب فلموں کے اسکرپٹ لکھے ۔انھوں نے متعدد پاکستانی فلموں کے کیلئے گانے بھی تحریر کئے۔ان کے فلمی گیتوں کی کتاب ”آپیار دل میں جگا“کو بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔

بہترین فنی خدمات پر انہیں متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا ۔ رخسانہ نور نے پنجاب یونیورسٹی سمیت متعدد جامعات میں درس و تدریس کے فرائض بھی سرانجام دیئے اور پروڈکشن ہاؤس بھی کھولا۔سید نور اور رخسانہ نورکی3بیٹیاں اورایک بیٹا ہے لیکن سید نورکی اداکارہ صائمہ سے دوسری شادی کے بعد رخسانہ نے ایک بیٹی کے ہمراہ الگ رہنا شروع کردیا تھا۔ رخسانہ نور کی وفات پر لالی ووڈ انڈسٹری کے نامور حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ہے ۔

عطاءالحق قاسمی، ڈاکٹر صغریٰ صدف، عرفان کھوسٹ، صوفیہ بیدار، پرویز کلیم، ریشم، راشد محمود، ڈائریکٹر حسن عسکری، مسعودبٹ، پرویز رانا، چوہدری اعجاز کامران، فیصل بخاری، کیپٹن (ر)عطاءمحمد خان، پروفیسر مسرت کلانچوی، نیلما ناہید درانی، وصی شاہ، جاوید رضا، بشارت احمد خان اور دیگر نے رخسانہ نور کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ادب کی دنیا کا ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے۔
تازہ ترین