راولپنڈی (نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آڈیٹر جنرل پاکستان کی خصوصی ٹیم نے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے ریکارڈ اور سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد حتمی رپورٹ تیار کر لی ہے جو وزیراعلٰی کو پیش کی جائے گی، ذرائع کے مطابق آڈیٹرز کی خصوصی ٹیم نے چار روز تک ادارے کی کارکردگی، شہریوں کو درپیش مسائل اور ترقیاتی کاموں کے لئے جاری ہونے والے فنڈز اور ان کے استعمال کے ساتھ ملازمین کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق راول ٹائون میں بلانقشہ اور خلاف نقشہ تعمیر ہونے والی سیکڑوں کمرشل اور رہائشی عمارتوں کی تعمیر کے علاوہ، سرکاری املاک پر قبضے، اندھا دھند تجاوزات اور ادارے میں پائی جانے والی بے ضابطیوں بارے وزیراعلٰی کو مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے انہوں نے آڈیٹرز کی خصوصی ٹیم کو یہ ٹاسک سونپتے ہوئے گیارہ جنوری کو بھیجا تھا اور یہ ٹیم صرف وزیراعلٰی کو ہی جواب دہ ہے، واضح رہے راولپنڈی شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے باعث بدترین ٹریفک جام معمول بنا ہوا ہے جس کا لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے بھی سخت نوٹس لے رکھا ہے مگر اس کے باوجود مافیا اپنے کاموں میں سرگرم ہے، کیونکہ اس لاقانونیت میں حکومتی جماعت سے تعلق رکھنے والے بعض نام نہاد رہنما نہ صرف پوری طرح سے ملوث ہیں بلکہ ان کی سرپرستی بھی کر رہے ہیں۔