اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستانی سیاست کے بارے میں مثبت رائے رکھتا ہے۔ ان کا ملک بالخصوص بلوچستان اور گلگت بلتستان میں امن و ترقی کی حمایت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کے درمیان تقریری مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ گریٹ ڈیبٹ کے عنوان سے ہونے والے ان تقریری مقابلوں میں ملک بھر کے طلبا و طالبات کی نمائندگی موجود تھی۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کا کہنا تھا کہ اس مباحثے میں گلگت بلتستان کے طلبا اور طالبات کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے گریٹ ڈیبٹ 2016 میں طالبعلموں نے جس موثر اور جامع انداز سے بحث میں حصہ لیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا وہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بڑی صلاحیتیں ہیں اور پاکستان میں نئی نسل کا مستقبل انتہائی روشن ہے اس مباحثے میں ہونے والی فضا سے بھی یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں یہ ماحول ترقی کی ضمانت ہے تھامس ڈریو کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستانی سیاست کے بارے میں انتہائی مثبت رائے رکھتا ہے۔ گریٹ ڈیبٹ میں کراچی کے آغا خان یونیورسٹی کے طحہٰ احمد نے پہلی اور کراچی یونیورسٹی کی نورالصباح نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو 3000پائونڈ جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کو 2000پائونڈ انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔