پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو میںبجلی، پانی اور صفائی کے انتظامات کو دو ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کیا جا سکے، انہوں نے ہنگو میں ہائوسنگ سکیموں کا ماسٹر پلان بھی آئندہ بدھ کو پیش کرنے ، سکیموں پر کام شروع کرنے اور پلاٹس کی الاٹمنٹ کا طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں تاخیر اورا قرباپروری برداشت نہیں کی جائیگی ،وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع ہنگو میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ،صوبائی وزیر برائے تعلیم محمد عاطف خان، رکن صوبائی اسمبلی شاہ فیصل، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی،اجلاس کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوںکی پیش رفت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ ہنگو میں یونیورسٹی کیمپس اور پریس کلب افتتاح کیلئے تیار ہیں جبکہ فرید خان شہید ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بجلی کی علیحدہ لائن ، واٹر سپلائی اور صفائی کے مستقل انتظا مات میں مسائل کا سامنا ہے،وزیراعلیٰ نے ہنگو میں ہائوسنگ سکیموں پر کام کی تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ دستیاب اراضی پر بلا تاخیر کام شروع کریں، وزیراعلیٰ نے مستحق افراد کو میرٹ کی بنیاد پر پلاٹس کی فراہمی کا طریق کار وضع کرنے کا حکم دیا ،ا نہوں نے منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ سکیموں کی شفافیت یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، اعتراضات کرنے کی بجائے غلط کام کو روکیں یہ انکی ذمہ داری بنتی ہے۔