• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں مسجد کو آگ لگانے کا واقعہ، ایک شخص گرفتار

واشنگٹن (جنگ نیوز)امریکی ریاست واشنگٹن کے علاقے بیلویو میں موجود ایک مسجد کو آگ لگادی گئی جس کے نتیجے میں مسجد کا نصف سے زیادہ حصہ تباہ ہوگیا، امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد میں آگ جان بوجھ کر لگائی گئی اور یہ حادثاتی طور پر آگ لگنے کا واقعہ نہیں، اسلامک سنٹر آف ایسٹ سائیڈ کو بیلویو مسجد بھی کہا جاتا ہے اور ہفتے کی شب جب مسجد میں آگ لگی تو وہاں کوئی موجود نہیں تھا اور اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔ رپورٹ کے مطابق آگ مسجد کے پچھلے حصے میں لگی جہاں فائر فائٹرز نے 40 فٹ تک اونچے شعلے بلند ہوتے ہوئے دیکھے۔ بیلویو کے پولیس چیف اسٹیو مائیلٹ نے بتایا کہ ہم نے اس بات کی تصدیق کرلی ہے کہ یہ آتش زنی کا واقعہ ہے تاہم ہمیں اب تک اس کے محرکات کا علم نہیں، پولیس چیف نے بتایا کہ اس واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک 37 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا نام آئزک وائن ولسن ہے اور اس پر مجرمانہ فعل اور آتش زنی کے الزامات عائد کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو ایک بار پہلے بھی مسجد میں بدنظمی پھیلانے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔
تازہ ترین