ملتان(سٹاف رپورٹر)اتحاد تنظیمات مدارس اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کولاکھوںسوگواروں کی موجودگی میں کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا ،نماز جنازہ پہلے جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی اور دوسری مرتبہ جامعہ فاروقیہ فیز ٹو حب روڈ کی مسجد محمد بن قاسم سے ملحقہ میدان میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ مولانا مرحوم کے40سالہ دیرینہ ساتھی استاذالحدیث مولانا محمد انور نے پڑھائی جبکہ تدفین کے بعد شیخ الاسلام مفتی محمدتقی عثمانی نے دعا کروائی ،نمازجنازہ میں مولانا طارق جمیل،ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر،مولانا محمداحمد لدھیانوی ،مولانا سلیم اللہ خان کے صاحبزادوں مولانا عادل خان ،مولانا عبیداللہ خالدسمیت علماء و طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لاکھوں افراد نے شرکت کی ،جنازہ کے اجتماع میں تاحد نگاہ سر ہی سر نظر آ رہے تھے ،اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان جیسی عبقری شخصیت کاسانحہ ارتحال یقینا ناقابل برداشت صدمہ ہے ،انکا انتقال نہ صرف علماء و طلباء بلکہ تمام اہلیان وطن کیلئے عظیم سانحہ ہے ،ان جیسی ہستیاں صدیوں بعدہی پیداہواکرتی ہیں ،وفات سے میرے سمیت لاکھوں لوگ روحانی طور پر یتیم ہو گئے ہیں ،ملک و ملت اور دینی مدارس کے دفاع کیلئے انکی شاندار خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی ، وفات سے پیدا ہونیوالا خلا صدیوں پر نہ ہو سکے گا ،مولاناحنیف جالندھری نے مولانا سلیم اللہ خان کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کااظہار کیا تو لاکھوں سامعین نے بھی دونوں ہاتھ فضا میں بلندکر کے انکا ساتھ دیا ، اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولاناقاری محمد عثمان ،مولانا اورنگزیب فاروقی ،مولانا عبدالقدوس محمدی ،مولانا قاضی عبدالرشید ،مولانا امداد اللہ ،مولانا صلاح الدین ،مولانا مفتی طاہر مسعود،مولانا قاری خالقداد عثمان ،مولانا حسین احمد ،پیر عزیز الرحمن ہزاروی ،مولانا قاضی شبیر احمد کاشمیری سمیت ہزاروں علماء شریک ہوئے ۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام ضلع ملتان کی مجلس عاملہ نے مولاناسلیم اللہ خان کے انتقال پردلی دکھ کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ علماء ایک شفیق وبزرگ عالم دین اورمدارس اپنے سرپرست سے محروم ہوگئے ہیں۔