اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اسلام آباد سے ملکہ کوہسار مری تک ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے کیلئے79 رکنی مستقل سکواڈ قائم کر دیا ہے۔ مری میں برف باری کا نظارہ کرنے کیلئے ملک بھر سے آنیوالے سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کی وجہ سے مری روڈ پر بھارہ کہو اور اسکے قرب و جوار میں ٹریفک بہائو میں رکاوٹ اور سست روی کی وجہ سے شکایات پیدا ہو رہی تھیں جس کے تدارک کیلئے ویک اینڈ سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جو جمعہ سے پیر کی دوپہر تک کشمیر چوک سے ڈونگی کسی تک فرائض انجام دیگا۔ ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب حسین نے جنگ کو بتایا کہ کرنل امان اللہ چوک سے بھیر پل تک مری روڈ کے دونوں طرف کھدائی کی وجہ سے سڑک صرف 13 فٹ رہ گئی ہے‘ جس پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنا جوئے شیرِ لانے کے مترادف ہے۔ برف باری اور شدید ٹھنڈے موسم میں متاثرہ گاڑیوں کو دھکے لگا لگا کرٹریفک پولیس کے متعدد اہلکار بیمار ہو گئے ہیں۔ ویک اینڈ سکواڈ سیاحوں اور برف باری کا نظارہ کرنے کیلئے آنیوالے شہریوں کو ٹریفک کی رکاوٹوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کریگا۔