لاہور،شیخوپورہ(کرائم رپورٹر،نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل)شیخوپورہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔جن میں ایک کے ر کی قیمت 30لاکھ ، دوسرےکی 20لاکھ اور تیسرے کی 10لاکھ مقرر تھی،دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مخبری تھی کہ دہشتگرد رضوان عرف آصف چھوٹو، ڈاکٹر شاکر اللہ،اور نورالامین اپنے 3،4ساتھیوں کے ہمراہ 4موٹر سائیکلوں پر لاہورآرہے تھےجن کا مقصد لاہور میں حساس اداروں کے دفاتر پر حملہ کرناتھا،سی ٹی ڈی نے رات ساڑھے10بجے ریلوے پھاٹک شیخوپورہ پر ناکہ لگا کر دہشتگردوں کو روکنے کی کوشش کی جنہوں نے کیٹل مارکیٹ بائی پاس کی طرف مورچہ زن ہوکر تعاقب کرنے والوں پر فائرنگ شروع کردی،سی ٹی ڈی نے جوابی فائرنگ کی۔جب فائرنگ کا سلسلہ رکا تو موقع پر 4دہشتگروں کی لاشیں ملیں۔جن میں 3کی شناخت ہوگئی، ایک کی شناخت نہ ہوسکی۔3سے4دہشتگرد موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس نے موقع سے 2کلاشنکوف،2پسٹل،3کلو دھماکہ خیز مواد،اور گولیاں برآمد کرلیں،دہشتگردرضوان ضلع مظفر گڑھ کا رہائشی اور کالعدم تنظیم کا امیر تھا،اس نے 100سے زائد بے گناہ افراد کو پنجاب سندھ اور خیبر پختونخوا میں قتل کیا،2005ء سے2012ء تک وہ جیل میں رہا جبکہ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد بھی درجنوں افراد کو قتل کیا،اس کے سر کی قیمت30لاکھ مقررتھی،ڈاکٹر شاکراللہ کالعدم تنظیم کا امیر تھااس نے بھی 50سے زائد افراد کو قتل کیا۔نوالامین نے بھی 20سے زائد افراد کو قتل کیا،جن میں روالپنڈ ی میں قتل ہونے والے پولیس انسپکٹر راجہ ثقلین بھی شامل ہیں،نورالامین کے سر کی قیمت 10لاکھ مقرر تھی۔پولیس نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی۔شیخوپورہ میں نمائندے کے مطابق کالا خطائی روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو مارا گیا جس کی شناخت نہ ہوسکی۔پولیس حکام کے مطابق مارےجانے والے ڈاکو کی لاش میو ہسپتال پہنچادی گئی ۔