لاہور(جنگ نیوز) کراچی سے لاہور تک دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث کالعدم لشکرجھنگوی اکرم لاہوری گروپ کا سربراہ آصف چھوٹو 3 ساتھیوں سمیت شیخوپورہ کے قریب کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں سے مقابلے میں مارا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق آصف چھوٹو سی آئی اے سینٹرکراچی ، شکارپور جیکب آباد اور لاہور کے دھماکوں میں بھی ملوث تھااور اس کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر تھی۔ کائونٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کے ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر شیخوپورہ میں کارروائی کی۔ مصدقہ اطلاع تھی کہ بدنام زمانہ دہشت گرد رضوان عرف آصف چھوٹو،ڈاکٹر شاکر اللہ عرف علی سفیان اور نور الامین اپنے ساتھیوں کےساتھ شیخوپورہ میں موجود ہیں اور یہ دہشت گرد لاہور میں حساس مقامات پردہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ دہشت گرد4 موٹر سائیکلوں پر فاروق آبادسےشیخوپورہ کی طرف آرہے تھے۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم نےبائی پاس کے قریب ناکہ بندی کرکے انہیں رکنے کا اشارہ کیا، دہشت گردوں نے رُکنے کی بجائے فائرنگ شروع کر دی،سی ٹی ڈی ٹیم اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں4دہشت گردمارےگئے،جبکہ ان کے 3 ساتھی فرار ہوگئے، مارےجانےوالوں کی شناخت رضوان عرف آصف چھوٹو، ڈاکٹر شاکراللہ عرف علی سفیان اور نور الامین کےناموں سے ہوئی، مارا جانے والا ایک دہشت گردنا معلوم ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے2 کلا شنکوفیں،2 پسٹل اور 3 کلو بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ ترجمان کے مطابق دہشت گرد آصف عرف چھوٹو ملک بھر میں3سو افراد کے قتل میں ملوث تھا اور اس کے سرکی قیمت30لاکھ روپے مقرر تھی،ما رے گئے دوسرے دہشت گرد بھی قتل کے کئی واقعات میں ملوث تھے۔