• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد تجاوزات کیلئے راولپنڈی دو سیکٹرز میں تقسیم،ڈپٹی کمشنر کے خفیہ دورے

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ٹریفک میں خلل پرراولپنڈی کی چار رکشہ یونینوں نے رکشوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پرنئے روٹ پرمٹ بند کرنے اور شہر میں رکشہ سٹینڈ قائم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔  انسداد تجاوزات کیلئے راولپنڈی شہر کو دو سیکٹرز میں تقسیم کرکے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنر ل نازیہ پروین اور ایڈیشنل ڈپٹی ریونیو عارف رحیم کو مانیٹرنگ کیلئے تعینات کردیا گیا ہے۔جن کی مدد اسسٹنٹ کمشنرز خالد جاوید گورائیہ اور احمد حسن رانجھا کررہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے رات کو خفیہ دورے شروع کردیئے ہیں جس کے بعد میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے افسران اور انفورسمنٹ حکام سے تحریری وضاحتیں طلب کی جارہی ہیں۔اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر میونسپل کارپوریشن کے حکام تجاوزات سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کو بحال رکھنے میں ناکام ہوں گے ۔تو معاملہ کو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے خفیہ دورے کے بعد قائم مقام چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو تحریری طور پر باور کرایا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013کے سیکشن87(1) آئی کے تحت انسداد تجاوزات کا کام میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی ذمہ داری ہے۔جس کی ادائیگی کیلئے ضلعی انتظامیہ ان کی حمایت اور مدد کررہی ہے۔لاہور ہائی کورٹ تجاوزات پر انتہائی سخت رائے کا اظہار کرچکی ہے۔اس لئے سی او ذاتی طور پر خود مہم کی کمان کریں اور روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کی لعنت کے خلاف کارروائی کریں۔دریں اثناء صدر پنڈی رکشہ یونین  حاجی شیر خان،پاسبان رکشہ ٹیکسی ڈرائیورز پنجاب کے مرکزی صدر ایوب خان،پاسبان رکشہ یونین کے صدر عبداللہ خان اور جماعت اسلامی لیبر ونگ رکشہ یونین کے صدر عبدالمجید خان شنواری نے تحریری طور پر ضلعی انتظامیہ سے نئے رکشوں پر پابندی کا مطالبہ اور 21جنوری کو احتجاج کا  اعلان کیا ہے۔ 
تازہ ترین