شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا آج دوپہرشیخوپورہ میں والہانہ استقبال کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے تمام دھڑوں کے اختلافات ختم ہوگئے ہیں اور تمام دھڑوں نے استقبال کو یادگار بنانے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں ، بلاول بھٹو زرداری فیصل آباد جاتے ہوئے چوک پیر بہار شاہ شیخوپورہ میں رکیں گے ، انکے استقبال کیلئے پیپلز پارٹی رہنماؤں آصف خان و دیگر کی سربراہی میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں رات گئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر الزمان کائرہ نے بلاول بھٹو زرداری کے استقبال کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے شیخوپورہ کا دورہ کیا اور انہوں نے یہاں سابق صوبائی صدر ملک مشتاق احمد اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب اقتدار کے پجاریوں اور زر پرستوں کے ساتھ پیپلز پارٹی کی کھلی جنگ ہوگی اور عمران خان کو بھی پتہ چل جائے گا کہ جمہوری معاشرے میں اپوزیشن کس کو کہتے ہیں اور اپوزیشن کیسے احتجاج کرتی ہے۔