گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی توفیق احمد بٹ کی زیر صدارت پی ایچ اے بورڈ آف ڈائریکٹرزکا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوا۔جس میں تمام ارکان نے متفقہ طور پر پی ایچ اے کے تمام کنٹر یکٹ ملازمین کوریگولر کرنے کا اعلان کر دیا۔گزشتہ سال گریڈ 1تا 17تک 246 افراد کو کنٹر یکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا ۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے باقاعدہ منظوری دے دی۔اعلان سنتے ہی ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔تمام ملازمین پی ایچ اے آفس کے باہر اکٹھے ہو گئے اور مٹھائی بانٹنے کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرنے لگے۔مزید برآں اجلا س میں محکمہ کے آپریشنل معاملات اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی اشتہارات کے خلاف صفائی مہم شروع کی جائے گی۔جو پرائیویٹ کمرشل بلڈنگز پارکنگ استعمال کر رہے ہیں اور جو ناجائز پارکنگ سٹینڈ ہیں کو واگزار کروا کر ان کی شفاف نیلامی عمل میں لائے جائی گی ، بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے ساتویں جلاس میں چیئرمین پی ایچ اے توفیق احمد بٹ،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے و ڈی سی گوجرانوالہ عامر جان، میئرگوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام، نواز چوہان ایم پی اے،خاورمنصور بٹ نمائندہ سیکرٹری فنانس،جاوید یونس نمائندہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، فاروق خان نمائندہ جی ڈی اے، خالد بشیر بٹ نمائندہ ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ،ریحام الحق نمائندہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس ،نعمان حفیظ نمائندہ کمشنر گوجرانوالہ ،اسرائیل ہارٹیکلچرسٹ،ڈائریکٹرایڈ من اینڈ فنانس پی ایچ اے احد ڈوگر اوردیگربھی شریک تھے۔