سکھر(بیورو رپورٹ) سکھر پارٹیز الائنس کے چیئرمین مشرف محمود قادری اور ڈاکٹر سعید اعوان نے شہریوں کو آلودہ، بدبودار، مضر صحت پانی فراہم کرنے، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور سیوریج کے پانی کی موجودگی کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان رہنماؤں نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولاجی کے پروفیسروں کی جانب سے بچوں میں پتھری کے امراض کے حوالے سے سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کو ریڈ زون اوراس کا سبب مضر صحت پینے کے پانی کا استعمال قرار دیئے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ نساسک کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے لیکن شہر کے تمام علاقوں میں پینے کا آلودہ، بدبودار اور مضر صحت پانی فراہم کیا جا رہا ہے جس کے باعث لوگ خاص طور پر بچے پیٹ سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، پاکستان کے ایک بڑے میڈیکل سینٹر ایس آئی یوٹی کی جانب سے بچوں میں پتھری کے امراض کی وجہ پینے کا مضر صحت پانی قرار دیئے جانے پر حکومت وقت کو فوری ایکشن لینا چاہئے اور محکمہ نساسک کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے کیونکہ سات سال قبل جب محکمہ نساسک نے نکاسی آب، فراہمی آب اور صفائی ستھرائی کے نظام کی ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں تو اس کا مقصد شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری تھا لیکن اس میں محکمہ نساسک مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے، وہ اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے بات چیت کررہے تھے، ایک ماہ قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے شہریوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے واٹر ورکس کا دورہ کیا اور وہاں انتہائی خراب صورتحال دیکھ کر محکمہ نساسک کے افسران کی سخت سرزنش کی اور انہیں متنبہ کیا کہ وہ واٹر ورکس کی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنائیں اس حوالے سے قائد حزب اختلاف نے محکمہ نساسک کو 15دن کی مہلت دی لیکن ایک ماہ گزر جانے کے باوجود محکمہ نساسک کی کارکردگی ذرہ برابر بھی بہتر نہیں ہوئی، محکمہ نساسک کے افسران با اثر ہونے کے باعث من مانیوں میں مصروف ہیں، سیاستدان اور حکمران اور انتظامی افسران کوئی بھی محکمہ نساسک کے خلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتا کیونکہ وزیراعلیٰ سندھ نے سکھر شہر کے دورے کے موقع پر محکمہ نساسک کی کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر بلدیات جوکہ اس وقت صوبائی وزیر خوراک ہیں سید ناصر حسین شاہ سکھر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر محکمہ نساسک پر برہم ہوئے اور انتظامی افسران پورا سال محکمہ نساسک کو کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ہدایات دیتے رہتے ہیں لیکن محکمہ نساسک شاید وہ واحد ادارہ ہے کہ جس کی کارکردگی بہتر نہیں ہوسکتی۔ سکھر پارٹیز الائنس حکومت اور محکمہ نساسک کے خلاف مرحلہ وار احتجاجی تحریک شروع کرے گا۔