گوادر(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیراہتمام ضلع گوادر کے مسائل اور ہاؤ سنگ اسکیموں میں بندر بانٹ کے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، رہنمائوں نے کہا کہ گوادر میں کرپشن کا بازار گرم اور بیوروکریسی کاراج ہے ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی جوائنٹ سیکریٹری اعجاز احمد بلوچ،ضلعی رہنماء یوسف فریادی، افضل جان،محمد علی ،گوادر عوامی راج کے رہنماء نزیر احمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں بیورو کریسی کاراج ہے ، مقامی لوگوں کو ہاؤسنگ اسکیموں سے محروم رکھا جا رہا ہے گزشتہ تین دہائیوں سے حکمرانی کرنیوالوں اورسی پیک مخالفین کو دوبارہ عوام پر مسلط کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ،ایم پی اے اور ایم این اے نے کبھی ووٹروں کو نہیں پوچھا ،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ،گوادر کے عوام کو بے یارومددگار چھوڑدیا گیا ہے مانبر ہاؤسنگ اسکیم پر گوادر اور پشکان کے عوام کا حق ہے لیکن ان مخصوص لوگوں کو نوازا گیا ہے جنکے پہلے ہی تمام ہاؤسنگ اسکیموں میں پلاٹس موجود ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ضلع گوادر میں کرپشن کا بازار گرم ہے ہیلتھ، ایجوکیشن،سمیت تمام محکموں میں کرپشن کی جارہی ہے میونسپل کمیٹی کے 15کروڑ روپے کھا لیے گئے ہیں ۔ بعد ازاں مظاہرین نے جلوس نکال کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔