• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلین اوپن ٹینس، دنیا کے ٹاپ پلیئرز مرے اور کربر کو شکست

میلبورن (جنگ نیوز ) اتوار کا دن عالمی نمبر ایک ٹینس پلیئرز کیلیے تباہ کن ثابت ہوا۔ سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں برطانیہ کے اینڈی مرے اور جرمنی کی اینجلک کربر خاک چاٹنے پر مجبور ہوگئیں۔ عالمی نمبر ایک اینڈی مرے چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے نوواک جوکووچ کے بعد ٹورنامنٹ میں دوسرا بڑا اپ سیٹ اس وقت دیکھنے کو ملا جب اینڈی مرے جرمنی کےعالمی نمبر 50 کھلاڑی میشا زویرو کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔63 منٹ تک جاری رہنے والا پہلا سیٹ مرے 5-7 سے سیٹ ہار گئے۔ دوسرے سیٹ میں زویریو نے چار سیٹ پوائنٹ بچائے لیکن عالمی نمبر ایک نے بیک ہینڈ ریٹرن کے ذریعے سیٹ جیت کر مقابلہ 1-1 سیٹ سے برابر کردیا۔ البتہ جرمن کھلاڑی نے تیسرا سیٹ 6-2 اور چوتھے سیٹ میں مرے کو 6-4 سے آؤٹ کلاس کر کے ایونٹ کے اپ سیٹ کردیا۔ گرینڈ سلم مقابلوں میں 13سال بعد ہوا ہے کہ کوارٹر فائنل مقابلوں سے قبل ہی فرسٹ اور سیکنڈ سیڈ کھلاڑی ایونٹ سے باہر ہو گئے ہوں ۔ تاہم 17 گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے والے سوئس ماسٹر راجر فیڈرر نے جاپان کے کائی نشیکوری کو تین گھنٹے اور 24 منٹ کی جدجہد کے بعد 6-7 (4/7)، 6-4،6-1، 4-6، 6-3سے زیر کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ فیڈرر کا مقابلہ میشا زویرو سے ہوگا۔ علاوہ ازیں مینز سنگلز میں چوتھے سیڈ اسٹین سلاس وارنیکا نے اطالوی حریف آندریس سیپی کو اور جو ولفریڈ سونگا نے انگلش اسٹار ڈینئیل ایوانز کو ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ ویمنز سنگلز میں دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر ایک اینجلک کربر کو امریکا کی کوکو ویندےویگھے نے کسی بھی دقت کے بغیر اسٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 3-6 سے آئوٹ کلاس کردیا۔ ٹورنامنٹ میں امریکا کی ولیمز سسٹرز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں ہیں، مبصرین کے مطابق دونوں بہنوں کا سفر جاری رہا تھا فائنل میں ان کا ٹکرائو ممکن ہے۔ وینس ولیمز نے جرمن حریف مونا بارتھیل کو مات دیکر راؤنڈ8 میں رسائی پائی۔ انہوں نے کیریئر میں 37 ویں بار گرینڈ سلم چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اناستاسیا پاولیچنکووا نے سویٹلانا کزنٹسووا کو ہرادیا، گاربین مگروز نے سورانا کرسٹینا کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھے۔
تازہ ترین