اسلام آباد(اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی صدارت میں یہاں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران ملک میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی فنانسنگ کا جائزہ لیا گیا۔ اتوار کو ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے ملک میں بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کے حوالے سے وزیر خزانہ کو بریفنگ دی ۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو مستقبل کے مختلف منصوبوں کے مالی معاملات پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کیلئے فنڈز میں اضافہ کر رہی ہے کیونکہ بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کیلئے بہت زیادہ وسائل کی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں وسائل سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہئے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے مستفید ہونے کیلئے انکی بروقت تکمیل پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے وزارت خزانہ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے نئے وسائل دریافت کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی کے تحت بڑے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مختلف شراکت داروں سے بھی رابطہ کیا جائے ، اجلاس میں اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری ، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور وزارت خزانہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔