راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے) واسا راولپنڈی محکمہ موسمیات کی راولپنڈی اسلام آباد میں متوقع بارشوں کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور سیوریج کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں،منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے پیر کی رات سے شروع ہونے والی متوقع بارشوں کے پیش نذر شہربھر میں واساکی طر ف سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ سیوریج کے تمام افسران اور عملہ کی چٹھیا ں منسوخ کرکے ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں،متوقع بارشوں کے دوران شہریوں کی سہولت کیلئے رین ایمرجنسی یونٹس قائم کئے جارہے ہیں جس میں موتی محل، لیاقت باغ، کمرشل مارکیٹ، باغ سرداراں اور خیابان سرسید شامل ہیں جہاں سکرو جیٹنگ مشینیں، ڈی واٹرنگ پمپس اورسیور کلیننگ راڈنگ مشینیں نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے پہنچادی گئی ہیں۔ خصوصی طور پر نالہ لئی کے کنارے واقع علاقوں میں جن میں ندیم کالونی، جاوید کالونی، آریہ محلہ کے علاوہ جامع مسجد روڈ، مری روڈ، میٹرو بس سٹیشنز، سید پور روڈ اور سیٹلائٹ ٹائون میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں شہری کسی بھی قسم کی شکایت کیلئے واسا کے قریبی شکایات سیل یا ٹال فری نمبر 1334 اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج کے موبائل نمبر 0332-5123897 پر رابطہ کر سکتے ہیں، انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایم ڈی واسا کی زیر صدارت اجلاس میں ڈائریکٹر سیوریج حماد فضل اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج محمد افضل بھی موجود تھے۔