• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹاخہ پھٹنے پر بھاگنے والوں کو غیور پختونوں کی نمائندگی کا حق نہیں،پرویز خٹک

پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے کے وسائل کو بے دریغ لوٹنے والے،پختونوں کے سروںکا ڈالروں کے عوض سوداکرنے والی اے این پی ہم پر تنقید کرنے کی بجائے اپنا داغ دار ماضی آئینے میں دیکھ سکتی ہے، اے این پی کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ ایک پٹاخہ پھٹنے پر پختونوں کو چھوڑنے والوں کو غیر ت مند پختونوں کی نمائندگی کا کوئی حق نہیں، ہمارا دامن صاف ہے،ہم نے کرپشن کے خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کی نیب کے ساتھ 25 کروڑ روپے کی پلی بارگین کرنے والے اور کھلے عام نو کریاں فروخت کرنے والوں کیلئے اب کوئی جگہ نہیں،صوبے کے غیر ت مند عوام آئندہ بھی پی ٹی آئی پر اپنے اعتماد کا اظہار کریں گے۔ ایک اخباری بیان میں وزیراعلیٰ نے اے این پی کے بے سرو پا الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ اے این پی کے دور میں جتنے پراجیکٹس شروع کئے گئے تھے اس میں ہر طرف کرپشن نظر آرہی ہے،اے این پی کی قیادت نواز شریف کی گودمیں پلی ہے اور مفادات سمیٹتی رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت نے نواز شریف کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر صوبے کے حقوق کی جنگ لڑی اور ہم مغربی روٹ سمیت صوبائی حقوق حاصل کرنے میں کامیاب رہے،ہم نے اے این پی کی طرح مک مکا نہیں کیا۔ یہ ان کی دیرینہ روایت ہے کہ شور شرابہ مچا کر پختونوںکا سودا کریں۔سی پیک کے نام نہاد ماہرین جنہیں عوام کا مینڈیٹ حاصل نہیں اور نہ سی پیک پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ ہیں انہیں مشورہ ہے کہ وہ غیر ضروری غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کریں اور صوبائی حکومت کا ساتھ دیں۔ دریں اثناء صدر شمائلہ ارباب کی سربراہی میں ویمن چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سی پیک کی منصوبہ بندی اب مشترکہ صنعتی ترقی کے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے ہم مغربی روٹ سمیت صوبے کے متعد د منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ سی پیک پر چین میں مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس میں کامیاب شرکت کے بعد چند روز قبل لاہور میں چین کی ٹاپ سرکاری کمپنیوں سے ملاقات کی اور صوبائی محکموں کے تیار کردہ صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو اُن کے سامنے رکھا۔ موٹروے پر چار ہزار کنال اراضی پر مشتمل صنعتی زون کی ڈویلپمنٹ کیلئے چینی سرکاری کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔ ہم مجموعی طور پر صوبے کی 9 مختلف سائٹس پر صنعتی زونز کے قیام پر کام کر رہے ہیں۔ ہم کچھ منصوبوں کو جے سی سی کے ذریعے براہ راست سی پیک کا حصہ بنائیں گے اور کچھ منصوبے مارچ میں مجوزہ روڈ شو میں مارکیٹ کریں گے۔ دریں اثنائ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے منتخب نمائندوں سے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے تبدیلی کے پیغام کو عام کرنے کیلئے عوام کی فکری اور شعوری تربیت کرے وہ ممبر صوبائی اسمبلی یسیٰن خلیل کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر ممبران قومی، صوبائی اور ضلعی حکومت کے ممبران سے بات چیت کررہے تھے،وزیراعلیٰ نے کہاکہ فی الوقت سب سے اہم مسئلہ عوام میں قومی ایشوز سے متعلق ادراک پیدا کرنا بہت ضروری ہے تاکہ وہ اجتماعی مسائل کو سمجھیں اور قوم کو درپیش کرپشن، بدعنوانی، اقرباء پروری کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔ہمارا ایجنڈا قانون کی بالادستی، میرٹ پر فیصلہ سازی، عوامی وسائل کی شفاف استعمال اور اداروں میں عدم مداخلت کے ذریعے فعالیت پیدا کرنا ہے۔
تازہ ترین