کراچی(رپورٹ:طلحہ ہاشمی)کراچی پورٹ سے پکڑے گئے دھماکا خیز مواد سے بھرے کنٹینرز کی تحقیقات اعلی سطح پر شروع کر دی گئی ہیں،یہ کنٹینر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی شخصیت کی ملکیت ہے حساس اداروں نے پکڑے گئے کنٹینر کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں، کنٹینر 20نومبر سے پورٹ پر تھا، اسے کوئی کلیئر کرانے نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ سے پکڑے گئے 20ہزار کلوگرام سے زائددھماکا خیز مواد سے بھرے کنٹینرز کی تحقیقات اعلی سطح پر شروع کر دی گئی ہیں، حساس اداروں نے پکڑے گئے کنٹینر کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں اور اس سلسلے میں کسٹمز انٹیلی جنس کے ساتھ مل کر تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے، کنٹینر 20نومبر سے پورٹ پر تھا، اسے کوئی کلیئر کرانے نہیں آیا، کسٹمز انٹیلی جنس کے ذرائع بتاتے ہیں کہ پکڑا گیا کنٹینر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی شخصیت کی ملکیت ہے اور اس سے قبل اسی نوعیت کے دو کنٹینرز پشاور سے پکڑے جاچکے ہیں وہ بھی کسٹمز انٹیلی جنس نے ہی پکڑے تھے، تیسرے کنٹینر کا سراغ کراچی میں لگا تھا اور بہت عرصے سے اس کی نگرانی کی جارہی تھی۔ ذرائع کے مطابق پکڑے گئے دھماکا خیز مواد کو پٹاخوں کی صورت میں پیک کیا گیا تھا اور اسے کئی کئی فٹ لمبے پائپس میں رکھا گیا تھا، اگر پائپ اور دیگر پیکنگ نکال بھی دی جائے تو بھی برآمد کیے جانے والے دھماکا خیز مواد کی مقدار ایک محتاط اندازے کے مطابق کم از کم 10ہزارکلوگرام سے زائد ہے اس سلسلے میں کسٹمز انٹیلی جنس پریوینٹو میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔