• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم آج ملتان میٹروبس منصوبے کا ا فتتاح کریںگے

ملتان(سٹاف رپورٹر،آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف28ارب اور 88کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے میٹرو بس منصوبے کاآج 24جنوری کو ا فتتاح کریں گے۔ اس سلسلے میں تمام تیاریاں وانتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔وزیر اعظم چونگی نمبر9 کے مقام پر میٹرو بس اسٹیشن کے ایریا میں نصب افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کریں گے۔ اور جناح آڈیٹوریم بہائو الدین زکریا یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کریں گے۔ اس تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ  ، 30 سے زائد ممالک کے سفیر، وفاقی و صوبائی وزراء جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی بلدیاتی اداروں کے سربراہان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد شرکت کریں گے۔افتتاحی تقریب میں سینئرسیاستدان مخدوم جاویدہاشمی ،سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سمیت جنوبی پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے، وزیر اعظم زکریا یونیورسٹی میٹرو سٹیشن سے چونگی نمبر 9 تک میٹرو روٹ کا دورہ بھی کریں گے ۔ میٹروبس منصوبے کے افتتاح پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ میٹرو بس پراجیکٹ انتظامیہ نے میٹرو بس سروس کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کر لیں ۔ بوسن روڈ پر موجود میٹرو سٹیشنز کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ۔ داخلی دروازوں پر خوبصورت گملے  سجا دیئے گئے ۔گزشتہ روز مختلف محکموں کے ملازمین دن بھر میٹرو سٹیشنوں کی تزئین و آرائش میں مصروف رہے ، ۔ میٹرو سٹیشنز کی سیڑھیوں پر رنگ برنگے کرٹن بھی لگائے گئے ۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے خیر مقدمی بینزز بھی آویزاں کر دیئے گئے ، مسلم لیگ (ن) ملتان کی طرف سے بھی وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو خوش آمدید کے پینا فلیکس لگائے دیئے گئے ۔ پی ایچ اے انتظامیہ نے بوسن روڈ سمیت پورے میٹرو سٹیشنز کے فوارے بھی دن بھر چلائے رکھے اور آج بھی فوارے چالو رہیں گے ۔  میٹرو سٹیشنوں کو خوبصورت لائٹس سے بھی سجا دیا گیا جو گذشتہ رات میٹرو روٹ پر جگمگاتی رہیں ۔دریں اثناءملتان میٹروبس منصوبے کے افتتاح کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سوموارکو بھی صوبائی وزیرندیم کامران ،نغمہ مشتاق لانگ،سمیع اللہ چوہدری سمیت صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام نے ملتان کا دورہ کیا اور میٹروبس منصوبے کے افتتاح کی تیاریوں وانتظامات کو تسلی بخش قراردیا۔میٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے لیے ملتان پولیس نے سیکورٹی پلان جاری کردیا ہے،وزیر اعظم،وزیر اعلیٰ پنجاب،گورنر پنجاب کی آمد پر ضلع بھر میں سیکورٹی ریڈ الرٹ ہوگی۔ ملتان پولیس کے کل 2245پولیس افسران و اہلکارسکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ اس کے علاوہ 14 ریزروز ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں ہائی الرٹ رہیں گی ۔ ملتان پولیس کے علاوہ پاکستان آرمی اور رینجرز کے اہلکار بھی امن عامہ کے قیام میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے نیز 802پولیس قومی رضاکاران اور 1105ولنٹئیرزبھی معاونت کریں گے ۔ادھر وزیراعظم  نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آج ملتان  آمد کے موقع پر سرکاری ہسپتالوں میں ہائی الرٹ رہے گا ،ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ،پیر امیڈیکل سٹاف ،نرسز ڈیوٹی پر موجود رہیں گے ،اوورآل یونیفارم کی پابندی کرنے کا کہا گیا ہے ،گزشتہ روز نشتر ہسپتال سمیت تمام ہسپتالوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ۔ میونسپل کارپوریشن ملتان کے تمام آفیسران اور سٹاف کی روٹس کے انتظامات کے سلسلے میں خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ۔ چیف کارپوریشن آفیسر احمد خان وٹو رات گئے تک انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ ذرائع کے مطابق میئر ملتان کی ہدایت پر میٹرو بس منصوبے کے افتتاح کے انتظامات بارے میونسپل کارپوریشن کے شعبہ ریگولیشن، سروسز، پلاننگ سمیت دیگر تمام شعبوں کے آفیسران اور سٹاف کی میٹرو بس روٹ کے 18.5کلومیٹر کے طویل روٹ پر انتظامات کے سلسلے میں شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں ۔ میٹرو بس روٹ کے ارد گرد ہر قسم کی وال چاکنگ مٹانے اور بینرز ہٹانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔  میئر ملتان کی طرف سے ملتان کومیٹرو بس کا میگا پراجیکٹ دینے کے حوالے سے آج24جنوری کو افتتاح کے موقع پر وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو شیلڈ پیش کی جائے گی ۔ میئر ملتان نوید الحق آرائیں کی طرف سے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو دی جانیوالی شیلڈ کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔ میئر ملتان کی طرف سے خوبصورت شیلڈ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی آمد کے سلسلے میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے  گا ۔ سول ایوی ایشن اور اے ایس ایف نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔ ملتان ایئر پورٹ نو فلائی زون قرار دے دیا گیا ۔ وزیر اعظم کی ملتان میں موجودگی کے دوران ایئر پورٹ پر آنے اور جانے والی پروازیں بند کر دی جائیں گی ۔ وزیر اعظم نواز شریف پی آئی اے کی ایئر بس فلائٹ نمبر 320 پر صبح اسلام آباد سے ملتان پہنچیں گے ۔
تازہ ترین