ملتان ،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،ایجنسیاں) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ آج سے شروع ہو گا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملتان سمیت جنوبی نجاب میں آج سے بادل چھائے رہیں گے ، چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو گی جبکہ کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش کے امکانات بھی ہیں ۔ بارشوں کا سلسلہ تین روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ ادھر آزاد کشمیر ٗ گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ اور بالائی علاقوں میں برف باری سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ٗ بلوچستان کے علاقوں تفتان ٗ نوکنڈی ٗ سیندک اور ماشکیل میں ہونے والی موسلا دار بارش کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کے روز سندھ میں بھی کہیں کہیں بارش متوقع ہے ٗ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد ٗ پنجاب ،خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے ۔ادھر استورکے میدانی اوربالائی علاقوں میں برف باری کے بعد واٹرچینل پربرف کی تہیں جم چکی ہیں اور لوگوں کوپانی کے حصول میں مشکلات کاسامناکرنا پڑا۔دیامراورغذر میں برف سے بعض بالائی علاقوں کازمینی رابطہ منقطع ہوگیا ٗہنزہ نگرمیں موسم سرما کی پہلی برف باری نے ہر منظرکواوربھی دلکش بنا دیا ۔زیارت میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ لی ،قلات میں درجہ حرارت منفی 6 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق آئندہ ہفتے شدیدبارشوں اورپہاڑوں پربرفباری کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث عوام کو این ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کی ہدایت کردی گئی ۔