ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان کے شہریوں نے میٹرو بس پراجیکٹ کو شاندار قرار دے کر اورنج ٹرین منصوبہ شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا، میٹرو منصوبہ عام شہریوں کے لئے تحفہ ہے ، حکومت فلاحی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھے ، میٹرو منصوبے سے زیادہ اہم صحت اور تعلیم ہے ، حکومت شہریوں کو میٹرو جیسے منصوبے دینے کے بجائے بنیادی سہولتیں فراہم کرے ، ان خیالات کا اظہارملتان کے شہریوں نے میٹرو منصوبے کی افتتاح کے موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نوید حسین چودھری ، محمد رئیس احمد ، عبدالرحمن ٰنے کہا کہ میٹرو منصوبہ شاندار ہے ، مسلم لیگ کی حکومت میٹرو کا تحفہ دے کر ملتان شہر کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ میں لے آئی ، آج دنیا کے بڑے شہروں میں ایسے منصوبے دیئے جا رہے ہیں تو یہ منصوبہ ملتان کے شہریوں کے لئےکسی نعمت سے کم نہیں ، طیب علی ، سکند ر ملک ، ذیشان رجوانہ کا کہنا تھا کہ میٹرو منصوبہ مواصلات کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے ، پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی ایسے منصوبے لانچ کئےجائیں ،شیخ زبیر ، محمد قیصر ، عارف خان نے کہا کہ میٹرو منصوبہ ملتان میں لانچ کر کے حکومت نے شہریوں پر احسان کیا ہے ، اس منصوبے سے طالب علموں کو فائدہ ہو گا ، سفری مشکلات میں کمی واقع ہو گی ، ٹریفک کے مسائل سے جان چھوٹے گی ، میٹرو بس کا کرایہ بھی انتہائی مناسب ہے ، محمد شاہد کھا کھی ، یاسر نعیم ، عاطف سلیم کا کہنا تھا کہ حکومتیں میٹرو منصوبوں یا اورنج لائن کےبجائے شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کرے ، صولت سکندر ، محمد عاصم نے کہا کہ حکومت اب اورنج ٹرین منصوبہ بھی ملتان میں شروع کرے ۔