گوجرانوالہ، لاہور (نمائندگان جنگ)موٹر سائیکل رکشہ کیری سے ٹکرانے سے کیری میں سوار پولیس سب انسپکٹر نے اپنے ساتھی کے ہمراہ بدترین تشدد کر کے رکشہ ڈرائیورکو مار مار کرادھ مواکر دیا ۔ سب انسپکٹر کو وزیر اعلیٰ کے حکم پر معطل کردیا گیا ۔ تھانہ صدر وزیر آباد میں تعینات سب انسپکٹر سمیع اللہ خان کیری میں سوار ہو کر سیالکوٹ روڈ سے گزر رہا تھا کہ اچانک چاند عرف چندونامی نوجوان کی چاند گاڑی اوور ٹیک کرتے ہوئے کیری سے ٹکرا گیا جس پر گاڑی میں سوار سمیع اللہ خان آگ بگولہ ہو گیا اور چاند عرف چندو کو اپنے ساتھی کے ہمراہ بدترین تشدد کا نشانہ بناڈالا جس سے چاند عرف چندو رکشہ ڈرائیور تشدد سے بے ہوش ہو گیا۔