ملتان(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ طارق رشید ،مئیر ملتان چوہدری نویدارائیں ،سابق صوبائی وزیرچوہدری عبدالوحید ارائیں ،چئیرمین شیخ ندیم اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نےملتان میں بھی میٹروبس منصوبے کا کامیاب آغاز کرکے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔میٹروبس منصوبہ ملتان کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں۔اس سلسلے میں گزشتہ روز صوبائی سیکرٹری اطلاعات پنجاب سمیع اللہ چوہدری کی زیرصدارت اہم اجلا س بھی ہوا ہے جس میں کارکنوں کو سفارشات پیش کردی گئی ہیں اور آج اس سلسلے میں منعقدہ ورکرز کنونشن میں بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔مئیرملتان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے میٹرو بس پراجیکٹ کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، میٹرو بس سروس کا منصوبہ اہل ملتان کے لئے تحفے سے کم نہیں،وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا جبکہ ترقی کے دشمنوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے ۔دریں اثنا وحید ارائیں نے چیئر مینوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی نے ملتان کی تعمیر وترقی کے لیے فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔