اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو ایک مرتبہ پھر ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے ججز نظربندی کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر ملزم کے جونیئر وکیل راجہ جمیل نے پرویز مشرف کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی اور بتایا کہ سینئر وکیل الیاس صدیقی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ لہٰذا مقدمے کی سماعت ملتوی کی جائے۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے میڈیکل رپورٹ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہر سماعت پر ملزم کی جانب سے بیماری کی ایک ہی نوعیت کی درخواست دائر کی جاتی ہے۔ فریقین کا موقف سننے کے بعد فاضل جج نے مقدمے کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔ پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی کی مصروفیت کے باعث وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست پر بھی بحث نہیں ہو سکی۔