• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالدمحمود باکسنگ فیڈریشن کے صدر، دودا خان چیئرمین منتخب

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سکریٹری خالد محمود اور محمد ناصر اعجاز پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نئے صدر اور سکریٹری منتخب ہوگئے، جمعرات کو لاہور میں  پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے انتخابات میں اگلے چار سال کے لیے نئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے جس کے مطابق محمد خالد محمود فیڈریشن کے نئے صدر، محمد ناصر اعجاز سیکرٹری جبکہ محمد صادق خزانچی کے عہدہ پر منتخب ہو گئے۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے سابق صدر دودا خان بھٹو کو پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا چیئرمین بنایا گیا۔ اجلاس میں فیڈریشن کے دیگر عہدیداران کا بھی انتخاب ہوا جس میں محمد رزاق ایگزیکٹو نائب صدر، ناصر محمود، محمد اصغر اعوان، ذوالفقار علی بٹ، پروفیسر فرحان عبادت یار خان اور سابق سیکرٹری فیڈریشن اقبال حسین نائب صدور شرجیل ضیاءبٹ جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔ اجلاس میں تین رکنی ایگزیکٹو کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں میجر (ر) محمد ریاض، محمد تصور الحق اور سید حافظ الرحمان شامل ہیں۔ نومنتخب صدر محمد خالد محمود  اپنی کامیابی کے بعد کہا ہے کہ  میری اولین ترجیح باکسنگ کے کھیل کی ترقی  ہے، جو کوئی بھی اس کھیل کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے فیڈریشن کے دروازے اسکے لیے کھلے ہیں۔ سیاست کیے بغیر اس کھیل کو ترقی دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ باکسنگ کی عالمی تنظیم آئبا کو بھی الیکشن کی تفصیلات فراہم کی دی گئی ہیں۔ اجلاس میں پاکستان ا سپورٹس بورڈ سے سید حبیب شاہ نے جبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے سید عاقل شاہ نے بطور نمائندہ شرکت کی۔ اس سے قبل پاکستان باکسنگ فیڈریشن  کے متوازی گروپ کے بھی انتخاب ہوچکے ہیں۔ 
تازہ ترین