حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) حیدرآباد کی خاتون رہنما حنابدر سومرو نے سندھ ہائی کورٹ میں وزیر اعظم نواز شریف اورمریم نواز کے خلاف عمران خان اور شیخ رشید کی الزام تراشیوں، معاملہ سپریم کورٹ میں ہونے کے باوجود اخلاقی اقدار کی پاسداری نہ کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ میں حنابدر سومرو کی جانب سے ہنس راج نورنگ ایڈووکیٹ کی معرفت دائردرخواست میں کہاگیاہے کہ وہ ایک نوجوان خاتون سیاستدان ہیں اوران کے والد بدر سومرو مسلم لیگ ضلع حیدرآباد کے نائب صدر ہیں۔درخواست گزار نے کہا کہ میاں نوازشریف منتخب وزیراعظم ہیں ان کے خلاف اوران کی بیٹی مریم نواز کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اوررکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے پاناما پیپرز کیس دائر کیاہے۔معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے لیکن اس کے باوجود عمران خان اورشیخ رشید ان پرالزام تراشیاں کررہے ہیں اورغیراخلاقی زبان استعمال کرکے اخلاقی اقدار کوپامال کررہے ہیں۔مریم نواز نہ صرف وزیراعظم بلکہ قوم کی بیٹی ہے ۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ سیکریٹری قانون کو حکم دیاجائے کہ پارلیمنٹیرین اورسیاستداں کے لئے اخلاقی اقدار کی پاسداری یقینی بنائیں درخواست کی سماعت آج ہوگی۔