بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن پاکستان بمع ایل پی جی ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن بہاولپورکے آر پی اوکے ساتھ مذاکرات ناکام ہو گئے، شہر بھر میں ایل پی جی دکانیں احتجاجابند، عوام کی پریشانی عروج پر، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن بہاولپورکی وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی درخواست، تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین عرفان کھوکھر نے پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ انہوں نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن بہاولپورکے ہمراہ آر پی اومحمد ادریس احمد سے 25جنوری کوملاقات کی جس میں انہوں نے آر پی او بہاولپورکو پولیس کی بھتہ گیری کے متعلق آگاہ کیا، عرفان کھوکھر چیئر مین نےالزام عائد کیاکہ بہاولپور پولیس فی دکان ماہانہ 10ہزار روپےلے رہی ہے، ایل پی جی ایک غریب فیول ہے اس وجہ سے اس کاروبار سے تعلق رکھنے والے بھی غریب لوگ ہیں جوپولیس کی غندہ گردی نہ توبرداشت کرسکتے ہیں اورنہ ہی پولیس کی بھتہ گیری ،لہٰذا یہ لوگ تنگ آکر بلیک مارکیٹنگ کرنے پرمجبورہیں اوریہ لوگ اپناکاروبارکسی دکان پر بیٹھ کر کرنے کی بجائے اپنے گھروں میں کرنے پرمجبور ہیں اورپولیس کی بھتہ گیری کی وجہ سے ایل پی جی مہنگی فروخت کررہے ہیں۔بہاولپورمیں ایل پی جی کاریٹ 150سے 200روپے فی کلوکے درمیان ہے جوکہ 100روپے فی کلوہونی چاہئے،انہوں نے بتایاکہ عوام کوگیس مل ہی نہیں رہی اگرمل رہی ہے تواتنی مہنگی کے غریب لوگ اس سردی کے موسم میں مجبوراً ایل پی جی خرید رہے ہیں ، عرفان کھوکھر نے بتایاکہ انہوں نے آر پی او محمد ادریس احمد سے گزارش کی کہ جو ایس او پیزہم نے لاہور اورراولپنڈی میں منظور کئے وہ بہاولپورمیں بھی لاگوکئے جائیں لیکن ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن بہاولپورکے وفدکے آر پی او بہاولپورسے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں،عرفان کھوکھر نے مزید کہاکہ اگرپولیس کی مداخلت ختم نہ کی گئی تو ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن بہاولپوراپناکاروبارجاری نہ رکھے گی ۔ ایل پی جی کے کاروبارمیں پولیس کی ڈائریکٹ مداخلت بند ہونی چاہئے، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اورآئی جی پنجاب سے معاملے کافوری نوٹس لینے کامطالبہ کیا اوربہاولپورمیں ایل پی جی ڈیلرز اوردکانداروں کو کاروبار احتجاجا بندکرنے کی ہدایت کی۔ جس پر گزشتہ روز ضلع بھر میں ایل پی جی کی مکمل ہڑتال رہی۔