• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1320 میگاواٹ ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ نیشنل گرڈ سے منسلک

 اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی ) نے 1320 میگاواٹ ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا۔ اس مقصد کیلئے 5 کلومیٹر لمبی 500kV ٹرانسمیشن لائن نومبر 2016ء میں اپنی مقررہ مدت سے پہلے ہی مکمل کر لی گئی تھی۔ یہ منصوبہ پاک چین  اقتصادی راہداری کے تحت مکمل کیا گیا۔ ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ کا پہلا یونٹ 660 میگاواٹ بجلی رواں سال مئی میں پیدا کرنا شروع کر دے گا جبکہ پاور پلانٹ مکمل طور پر جون 2017ء میں 1320 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔ این ٹی ڈی سی بجلی کی ترسیل 500kV گرڈ سٹیشن یوسف والا اور 500kV گرڈ سٹیشن لاہور کے ذریعے کرے گی۔ترجمان این ٹی ڈی سی نے کہا ہے کہ اس پاور پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کیلئے پنجاب کے بیشتر علاقوں کو بجلی مہیا کرنے والی 500kV ٹرانسمیشن لائن (یوسف والا تا شیخوپورہ) کو ایک ہفتہ (20تا 27 جنوری 2017ء) کیلئے بند کرنا پڑا۔ جس سے لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑی۔ تاہم صارفین کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی گئی۔  ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے بعد مذکورہ علاقوں میں جبری لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔ قومی گرڈ میں 1320 میگاواٹ بجلی شامل ہونے سے موسم گرما میں صارفین کو بڑا ریلیف ملے گا۔
تازہ ترین