راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے سٹریٹ کرائمز اور سرقہ بالجبر کی وارداتوں میں ملوث 2گینگ المعروف شانی اور باکسر گینگ کے 13ارکان کو گرفتار کر کے نقدی، اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کر لئے۔ ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی عرفان طارق نے سی پی او آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آر پی او محمد وصال فخر سلطان راجہ اور سی پی او اسرار احمد عباسی کے خصوصی ٹاسک پر ایس پی پوٹھوہار ڈویژن عتیق طاہر‘ ایس ڈی پی او کینٹ سرکل راجہ طیفور اختر کی زیرنگرانی ایس ایچ او تھانہ نصیرآباد راجہ ندیم ظفر پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے 2گینگ کے 13ملزموں بشمول اشتہاری مجرموں کو گرفتار کر لیا۔ ریکارڈ یافتہ ملزمان موٹر سائیکل چوری‘ سرقہ بالجبر‘ سٹورز اور راہ گیروں سے موبائل‘ لیپ ٹاپ‘ نقدی وغیرہ چھیننے اور مزاحمت پر زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ گرفتار ہونے والوں میں باکسر گینگ کے عبدالنصیر عرف باکسر، سید دانیال شاہ، شہرام خان عرف مانی، محمد عرفان عرف نانا، کاظم علی جبکہ شانی گینگ کے ارسلان نعمت عرف شانی، عثمان نعمت، عاطف حسین بٹ، وقار نصیر عرف ذوہیب، محمد عزیر، محمد افضال، توصیف شاہ اور سلیمان بٹ کے قبضہ سے پانچ تیس بور پسٹل معہ 46روند‘ چار موٹر سائیکل‘ ایک لاکھ نقدی‘ ماسکس‘ 16موبائل فونز مالیتی 5لاکھ روپے بھی برآمد کئے گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس کارروائیاں کر رہی ہے اور راولپنڈی شہرو کینٹ میں سٹریٹ کرائم اور جرائم پر قابو پانے کیلئے مختلف ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔