• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی خزانہ لوٹنے والوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے،سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ میرا ایک ہی مطالبہ ہے کہ چور اور لٹیراچاہے اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں اس کا احتسا ب ہو،اسی لئے میرے خلاف ایک محاذ کھڑا کردیا گیا ہے ۔ اگر یہی میرا جرم ہے تو میں اپنے جرم کا اعتراف کرتا ہوں اور جب تک ان لٹیروں کو جیلوں تک نہیں پہنچایا جاتاان کے خلاف ہر محاذ پر لڑوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں  جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا  کہ کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے بہت کوشش کی کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے کوئی نظام بن جائے ۔ حکومت نے اپوزیشن کے کسی مطالبے کو درخور اعتناءنہیں سمجھا ۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے ہم نے پاناما سکینڈل آنے سے بہت پہلے تحریک کا آغازکردیا تھا۔ہماری تحریک کے نتیجہ میں آج ملک کے کونے کونے میں کرپشن کے خلاف عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اب یہ تحریک عوامی مطالبہ بن گئی ہے اور بہت جلد کامیابی سے ہمکنا رہوگی۔ اب چور لٹیروں کیلئے پناہ کی کوئی جگہ نہیں قومی خزانے کو لوٹنے والے کہیں بھی پہنچ جائیں انکا پیچھا نہیں چھوڑیں گے ۔ امید ہے پانا ما کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا،اگر کرپش کے خاتمے اور20کروڑعوام کو ظلم و جبر سے بچانے کیلئے پانچ چھ ہزار لوگوں کی قربانی دینا پڑے تو یہ سودامہنگا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیاں بہت جلد امریکہ کو لے ڈوبیں گی،جس طرح گوربا چوف کی پالیسیوں نے روس کے ٹکڑے کئے تھے اسی طرح ٹرمپ کی انتہا پسندی امریکہ کے ٹکڑے کرے گی۔ ٹرمپ ہر روز عالم اسلام کے خلاف ایک نیا اعلان جنگ کرتے ہیں ۔
تازہ ترین