• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان و نواح میں دھند ،بالائی علاقوں میں برفباری جاری

ملتان،مری (سٹاف رپورٹر،ایجنسیاں )ملتان و نواح میں دھند جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا ، ملتان شہر میں دھند کی شدت کم جبکہ نواحی علاقوں میں حد نگاہ صفر رہتا ہے ۔ گزشتہ روز صبح کے وقت ملتان کے نواحی علاقوں میں دھند چھائی رہی ، نواحی علاقوں سے آنے والی ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا  پڑا اور ٹریفک کی روانی سست رہی ۔ دھند کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار جبکہ ٹرینیں بھی آہستہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں رہیں ، ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ علاوہ ازیں ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ،لوگ گھروں میں محصورہوگئے ،مری میں شدید سردی کی لہر برقرار ،ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد نےملکہ کوہسار کا رخ کرلیا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا جبکہ استورشہر میں بوندا باندی ،پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ راستے برف سے ڈھک گئے ، سیاح برفیلے موسم کا مزا اور خوبصورت نظاروں سے لطف لینے مری ، سوات ، لوئردیر، اور دیگر شمالی علاقہ جات پہنچ گئے ۔ وادی ِسوات کی چوٹیاں ،گھنے جنگلات ،قدرتی پارک برف پڑنے کے بعد دلکش مناظر پیش کرنے لگے جبکہ لوئر دیر میں بھی وقفے وقفے سے برفباری اور بارش کے بعد سرد ی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔ مانسہرہ،بٹگرام،تورغر اور کوہستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا، مانسہرہ کے تفریحی مقامات ناران میں 8فٹ،کاغان میں 3فٹ اور شوگران میں 5فٹ تک برف پڑ گئی ۔ استور اور دیامر میں وقفے وقفے سے برف کے گالے گر نے لگے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلو ج ہوگیا۔ آزاد کشمیر میں برفباری کے بعد موسم ابر آلود ہوگیا اور سرد ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کردیا۔
تازہ ترین