• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاولپور: جماعت اسلامی کے تحت یکجہتی کشمیر آل پارٹیز کانفرنس

Bhawalpur Ji Apc On Solidarity With Kashmir
بہاول پورمیں جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں مشترکہ قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت پاکستان پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف موثرحکمت عملی ترتیب دے اور بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرے۔

یکجہتی کشمیر آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام ف، جمعیت علمائے اسلام س، مجلس وحدت مسلمین اور جمعیت علمائے پاکستان سمیت ضلع بہاول پور کی دینی و سیاسی جماعتوں نے بھرپور شرکت کی۔

مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہمارے حکمرانوں کی پالیسیاں ہیں اور یہی سب سے بڑا المیہ ہے۔

ڈاکٹر وسیم نے کہا کہ صرف قرادادوں، زبانی جمع خرچ اور بیانات سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی ممکن نہیں ہے اس کے لیے ہمارے حکمرانوں کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے مگربد قسمتی سے بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی آواز اٹھانے کیلئے ہمارا وزیر خارجہ تک ہی نہیں ہے۔

یکجہتی کشمیر آل پارٹیزکانفرنس میں ایک مشترکہ قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف مؤثرحکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرے۔

کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پربہاول پورمیں تمام دینی و سیاسی جماعتیں بھر پوراندازمیں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کیلئے چوک فوراہ پرریلی میں شریک ہوں گی۔
تازہ ترین