راولپنڈی (ساجد چوہدری‘ اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی سمیت ملک کے کینٹ ایریاز میں رواں سال کے دوران پہلے فیز میں 14کالج اور 5ہائی سکول قائم کئے جا رہے ہیں جن میں سے بعض پر باقاعدہ کام شروع بھی ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق چالیس سال میں پہلی مرتبہ کینٹ ایریاز کے مکینوں کو تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر فوکس کیا گیا ہے جس کے تحت کینٹ بورڈ کے فنڈز سے 19کالجز اور سکولز قائم کئے جائینگے۔ سیکنڈ فیز کی بھی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے جس کے تحت مزید 28کالج اور 10ہائی سکول تعمیر کئے جائینگے۔ ملک بھر میں تقریباً پچاس کنٹونمنٹ بورڈز میں کم از کم ایک ہائی سکول ضرور دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کینٹ بورڈ حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا ڈیزائن ایک جیسا رکھا جا رہا ہے تاکہ یہ دیگر تعلیمی اداروں سے بالکل مختلف نظر آئیں، ملک بھر کے کینٹ بورڈز کے تعلیمی اداروں میں نصاب ایک جیسا رکھا جائیگا اور معیار کو اے پی ایس سکولوں کے برابر رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔ کینٹ بورڈز کے منتخب ممبران نے بھی ایم ایل اینڈ سی حکام کی جانب سے تعلیم کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیاہے۔