ماسکو ( جنگ نیوز ) روس کی ٹینس اسٹار ماریہ شراپووا کا ماننا ہے کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اس لیے شرمندہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وہ گذشتہ برس آسٹریلین اوپن ٹینس کے دوران ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے سبب پابندی کا شکار ہو کر کھیل سے باہر ہیں تاہم اب 26اپریل سے جرمنی میں ہونے والے ٹورنامنٹ سے کورٹس میں واپس آنے کیلیے تیار ہیں۔ 29 سالہ شرپووا کہتی ہیں کہ گذشتہ ایک برس کے دوران میں نے ہارورڈ بزنس اسکول سے تعلیم حاصل کی، باکسنگ کی اور کتاب لکھنا شروع کردی ہے۔ یہ وقت میں نے بہت اچھی طرح گذارا، میں کئی بار لندن جاچکی تھی لیکن ومبلڈن میں مصروفیات کے سبب شہر دیکھنے کا موقع ہی ملتا تھا، اس بار بطور سیاح لندن کو دیکھا۔ تاہم اس دوران خود کو کبھی بھی مجرم قرار دینے سے متعلق سوچا بھی نہیں۔