وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ایک آدمی گالیاں دیتا ہے، ہم سنتے ہیں مگر جواب نہیں دیتے، مشرف کی آمریت اور پیپلزپارٹی کی حکومت نے ملک کو تباہ کردیا تھا۔
خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا آسیب بوتل میں بند اور کراچی کے قصاب کی بولتی بند ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنے باؤلے کیوں ہوگئے ہو؟ اقتدار مل جائے گا، ابھی نئے ہو، ایک صوبے میں اقتدار مل گیا ہے، وہ تو چلا کر دکھا دو، تذلیل اور تضحیک کی مہم کا تمہاری زبان میں جواب دینا نہیں چاہتے۔
سعد رفیق نے کہا کہ تنقید کرو مگر تضحیک اور تذلیل کی اجازت نہیں دیں گے، بینظیر کےبعد نوازشریف واحد قومی لیڈر ہیں، کردار کشی مت کرو۔
انہوں نے کہا کہ کبھی شریف خاندان اور ان کے کاروباروں کا دفاع نہیں کیا، مقدمہ عدالت عظمٰی میں چل رہا ہے اور لوگ شاہراہ دستور پر بھی چلا رہے ہیں۔
سعید رفیق کا کہنا تھا کہ عدالت کا فیصلہ ابھی آیا نہیں، کچھ سیاستدان اور میڈیا پرسنز خودساختہ جج بن گئے ہیں، اقلیت اکثریت پر مسلط ہونا چاہتی ہے، اقلیت اور گولی کا راج نہیں مانیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹ سے آئیں گے، ووٹ سے جائیں گے، سازش کامیاب ہونے نہیں دیں گے، تمہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔