• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں 70ء سے پی پی حکمراں، لوگ بدحال ہیں: سراج الحق

In Sindh After 70 Pp Goverment Peoples Are Poorsiraj Ul Haq
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہےکہ سندھ میں 1970ء سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، لوگ اب تک بدحال ہیں، صحت، تعلیم ،پینےکاصاف پانی عوام کو میسر نہیں، پیپلزپارٹی ذمہ داری تسلیم کرے۔

سراج الحق نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ پاناما کیس میں ایک طرف عوام اور دوسری طرف حکمران ہیں، امید ہے عوام کی جیت اور حکمرانوں کی ہار ہوگی، کیس کی سماعت کرنے والے جج کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں،حیران ہوں کہ صرف 52 کروڑ تحفے میں دیے گئے۔

اس سے قبل اسلامی جمعیت طلبہ کے کُل پاکستان اجتماع برائے ارکان کی تقریب سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کہاں ہے، یہاں تو کاروبار ہے، اسمبلی میں وہ شخص جاسکتا ہے جس کے پاس اربوں روپے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں ایک طرف عوام اور دوسری طرف حکمران ہیں، پاناما میں جو بھی ملوث ہیں ان کا پوسٹ مارٹم ہونا چاہیے۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گھوڑے سے گرکر زخمی ہونے والے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی عیادت کی،اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

سراج الحق نے کہا کہ شاہ صاحب یہ بتائیں کہ گھوڑے سے کیسے گرگئے اور کہیں زیادہ چوٹ تو نہیں آئی۔

جس کے جواب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ گھوڑے سے شاہ سوار ہی گرتے ہیں، جب بھی سکھر آتا ہوں تو گھوڑے کی سواری ضرور کرتا ہوں، معمولی فریکچر ہے جو چند روز میں ٹھیک ہوجائے گا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان پاناما کیس اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
تازہ ترین