کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد واپڈا کو سیڈن ڈیتھ پنالٹی شوٹ آئوٹس پر 6-5سے شکست دے کر62 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ جیت لی اور اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ان نے اعزاز 30ویں مرتبہ حاصل کیا ہے۔ فائنل کے اختتام پر وفاقی وزیر لیفٹنینٹ جنرل (ر) عبد القادر بلوچ نے انعامات تقسیم کئے ۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے قومی ایونٹ پر آ نے والے اخراجات کے حوالے سے پی ایچ ایف کو 30لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ نیشنل بنک نے پاکستان آرمی کوپنالٹی شوٹ آئوٹ پر 5-3سے ہراکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فائنل میں سخت مقابلہ ہوا۔ پہلے دوکوارٹرز بے جان ثابت ہوئے مگر آخری دوکوارٹرز سنسنی خیز نظر آئے، مقررہ وقت میں مقابلہ دو دو گول سے برابر تھا، پی آئی اے کو 31ویں منٹ میں شفقت رسول نے برتری دلائی جسے چار منٹ بعد محمد جعفر نے گول کرکے برابر کردیا۔ 43ویں منٹ میں احسان اللہ نے پی آئی اے کو ایک بار پھر برتری دلادی البتہ 56 ویں منٹ میں واپڈا کے تجربہ کار فارورڈ عمر بھٹہ نے اس کا بھی خاتمہ کردیا۔ واپڈا کو چار اور پی آ ئی اے تین پنالٹی کارنر ملے جس پر میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پنالٹی شوٹ آئوٹ کا سہارا لیا گیا جس پر دونوں ٹیموں ے دو گول اسکور کئے جس کے بعد سیڈن ڈیٹھ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر پی آئی اے نےدو اور پاکستان واپڈا نے ایک گول اسکور کیا، پی آئی اے کی طرف سے محمد زبیر نے گولڈن گول بناکر اپنی ٹیم کو چیمپئن بنوادیا۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی اور گولڈ میڈل کے ساتھ تین لاکھ روپے ، واپڈا کو رنر اپ ٹرافی، سلور میڈل اور دو لاکھ روپے جبکہ نیشنل بنک کو برانز میڈل اور ایک لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔ عمران بٹ اور خرم مجید نے مشترکہ طور پر بہترین گول کیپرز، پاکستان آرمی کے محمد رضوان نے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور پی آئی اے کے احسان اللہ نے 9گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر کا ایورڈ حاصل کیا۔