کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک میں عالمی ہاکی مقابلوں کی بحالی کے0 لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ قومی ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگر غیر ملکی ٹیمیں پاکستان نہیں آئیں تو ہم قطر اور ابوظہبی میں نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کےلئے تیار ہیں۔ قومی ایونٹ سے ملک میں ہاکی کے کھیل کو بحال کرنے میں مدد ملی ہے،آرگنائزرز نے اچھے انداز میں ایونٹ منعقد کیا ،ٹورنامنٹ ڈائریکٹر قمر ابراہیم اور کامران اشرف نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا اس ماہ وہ وزیراعظم کو مستقبل کے ایونٹ کے حوالے سے ایک رپورٹ پیش کریں گے جس میں حکومت سے مالی تعاون کی درخواست کی جائے گی۔ آسٹریلین ہاکی فیڈریشن کے صدر16 فروری کو پاکستان آرہے ہیں جن سے پاک آسٹریلیا سیریز پر بات ہوگی، پی ایچ ایف پاکستان سپر ہاکی لیگ کے منصوبے پر بھی کام کررہی ہے۔اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکریٹری شہباز احمد نے کہا کہ قومی سینئر ٹیم کا فوری طور پر کوئی ایونٹ نہیں ہے چند روز میں قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔