• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کا جہاد نظریے کی جنگ ہے، کوئی شکست نہیں دے سکتا، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ وہ وقت جلد آرہا ہے جب سرینگر میں پاکستان کا پرچم لہرائے گا اور ہم کشمیریوں کے ساتھ مل کر آزادی کا جشن منائیں گے۔کشمیر کا جہاد روٹی کپڑا اور مکان یا معیشت اور رنگ و نسل کی نہیں نظریے کی جنگ ہے جسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔کشمیر کی لڑائی افغانستان اور فلسطین سے مختلف ہے جس پر عالمی قوتوں اور اقوام متحدہ نے آنکھیں بند کررکھی ہیں ۔ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر لاہور میں مال روڈ پر ہونے والے بڑے کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے  سینیٹر سراج الحق نے   کہا ہے کہ کشمیریوں نے لاکھوں جانوں کی قربانی دیکر اپنا فرض پورا کردیا ہے اب  پاکستان کو بھی اپنا فرض نبھاتے ہوئے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔ کشمیر کی آزادی ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ انہوں  نے کہا کہ جہاد کشمیر تکمیل پاکستان ہے جس کیلئے کشمیریوں نے لازوال قربانیاں پیش کرکے دنیا کو بتا دیا ہے کہ وہ آزادی حاصل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کشمیری کئی سال سے روزانہ اوسطا چار شہداءکی قربانی دے رہے ہیں اور اب تک ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں نے آزادی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کردی ہیں، ہزاروں نوجوانوں کو بھارت کی غاصب فوج نے جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید کررکھا ہے اور انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے مگر یہ نوجوان آزادی کے مطالبے سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں، مائیں اپنی گود میں بچوں کو آزادی کے ترانے سناتی ہیں، اپنے بیٹوں کی شہادت پر رونے کی بجائے ایک دوسری کو مبارک بادیں دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت کی طرف سے ترقی کے بڑے بڑے پیکجز اورترقیاتی منصوبوںکو ٹھوکر مار کر آزادی کو ہر چیز پر ترجیح دی ہے، کشمیری نوجوانوں نے اعلیٰ منصبوں کی بجائے شہادت کو گلے لگایا ہے جبکہ پاکستان میں ایک منافق طبقہ جہاد اور کشمیر کے بارے میں اب بھی زہر اگلنے اور منفی پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں مغرب اور امریکہ کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے اللہ سے نصرت مانگنے اور رسول اللہ ؐکے اسوہ کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکمرانوں کی طرف سے سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران محض بھارت سے دوستی اورتجارت کیلئے لاکھوںشہداءکے خون سے غداری کررہے ہیں۔ آزادی کشمیر مارچ سے  جماعت اسلامی کے رہنمائوں   میاں مقصود احمد، امیر العظیم، علامہ زبیر احمد ظہیر، ضیاءالدین انصاری  اور انجینئر اخلاق احمد نے بھی خطاب کیا۔ 
تازہ ترین