اولڈہم( نمائندہ جنگ ) برطانیہ میں ایشیائی نوجوانوں میںمقبول ہونے والےکھیل تھائی باکسنگ کے مقابلے اولڈہم کے پاکستانی کمیونٹی سنٹر میں منعقد کیے گئے۔ جس میں ایشیائی اور دیگر کمیونیٹیز نے برطانیہ بھر سے شرکت کر کے اس تاثر کو غلط ثابت کیا کے نسلی منافرت کا شکار ہونے والا یہ علاقہ صرف ایشینز کا ہے اور دیگر کمیونیٹیز یہاں نہیں آسکتیں۔ ساٹھ کے قریب باکسرز نے اس ٹورنامنٹ میں راچڈیل، مانچسٹر، ہڈرزفیلڈ، نیو کاسل اور ڈرہم سے شرکت کی شریک ہونے والے تمام باکسرز کو ٹیم تاز کی جانب سے اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر تنویر طارق کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلے بچوں میں دفاعی صلاحیت کو بہتر کرنے اور بلینگ جیسے واقعات کے سدباب کیلئے مددگار ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ ِاسی سال اکتوبر میں اس سے بھی بڑے مقابلے منعقد کروا رہے ہیں۔ جس میں برطانیہ، یورپ اور تھائی لینڈ سے بھی باکسرز شریک ہونگے۔ مقامی لوگوں نے ایسے مقابلوں کے انعقاد کو کمیونیٹیز میں باہم رابطے کی ایک بہترین کوشش قرار دیا ہے۔