لاہور(نمائندہ جنگ)انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد اعظم نے سانحہ ماڈل ٹائون کے بارے میں پرائیویٹ استغاثہ کی سماعت کرنے کے بعدگزشتہ روز وزیراعظم میاں نواز شریف،وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، قومی اسمبلی کے رکن حمزہ شہباز کو استغاثہ سے خارج کر دیاجبکہ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت 126افراد کو جن میں زیادہ تر پولیس والے ہیں 17فروری کو عدالت میں طلب کر لیا ۔ یہ استغاثہ عوامی تحریک کے جواد حامد کی طرف سے دائر کیا گیا تھا ۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ استغاثہ تاخیر سے دائر کیا گیا ہےاور قانون کے تحت بغیر دستاویزی ثبوتوں کے وزیراعظم، وزیر اعلیٰ ،وفاقی وزراءخواجہ محمدآصف،چوہدری نثا ر علی خاں، خواجہ سعد رفیق،سینٹر پرویز رشید، وزیر محنت عابد شیر علی، وزیر اعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری سید توقیر شاہ ،ہوم سیکرٹری میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان اور کمشنر لاہور راشد محمود لنگڑیال کو طلب نہیں کیا جا سکتا۔