• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان: گلیشیئر آبادی کی جانب سرکنے لگا

Gilgit Baltistan Glacier Avalanche Reaches Villages
گلگت بلتستان کے ضلع شگر کے گاؤں ارندو میں گلیشیر آبادی کی جانب سرکنے لگا ہے۔ گلیشیر سرکنے اور برفانی تودے سے متعدد گھروں کے دبنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ برفانی تودے میں دب کرسیکڑوں جانورہلاک ہوگئے ہیں۔

کمشنر بلتستان کا کہنا ہے کہ آج ریسکیو ٹیم پیدل گاؤں کی جانب روانہ ہوگی۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے رکن عمران ندیم کے مطابق بلند ترین بستی ارندو گاؤں میں گزشتہ تین دنوں میں 10فٹ سے زائد برف باری ہوئی۔ جس کے باعث گلیشئر سرکنے لگا اور برفانی تودے گرنے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

گلیشئرکے ملبے میں دب کر سیکڑوں جانوروں کی ہلاکت اور متعدد مکانات کے دبنے کی اطلاعات ہیں۔ گلیشیئر سرکنے اور تودہ گرنے کی آوازیں آتے ہی لوگ گھروں سے نکل گئے۔ ارندو گاؤں کے 14خاندان گھر بار چھوڑ کر دوسرے گاؤں میں منتقل ہوگئے ہیں۔

کمشنر بلتستان ڈویژن عاصم ایوب کا کہنا ہے کہ آج ریسکیو ٹیم شگر سے پیدل ارندو گاؤں کی جانب روانہ ہوگی۔ ٹیم کے ہمراہ کھانے پینے کی اشیا بھی روانہ کی جائیں گی۔

ٹیم کے پہنچنے میں دو سے تین دن لگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ برف باری کے باعث گلتری، شیلا گاؤں سمیت متعدد دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہے، راستے بند ہیں، پاک فوج سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
تازہ ترین