لاہور(نمائندہ خصو صی)جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کہا ہے کہ ملک و قوم کی پسماندگی دور کرنے اور مسائل کی دلدل سے نکلنے کیلئے کرپشن کے خلاف جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔جو لوگ کہتے ہیں کہ عوام کا اصل مسئلہ کرپشن نہیں ،بنیادی ضروریات زندگی ہیں وہ اپنی کرپشن کو تحفظ دینا اور کرپشن کے خلاف متحد قوم کو ڈی ٹریک کرنا چاہتے ہیں۔عوام کو غربت سے نجات اور تعلیم ،صحت ،روز گارکی سہولتوں کی عدم دستیابی کا اصل سبب کرپشن ہے ۔جب تک کرپٹ اور بدیانت ٹولہ اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہے عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ کے صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی امیر مشتاق احمد خان ،ڈاکٹر عبد الواسع ،سیاسی کمیٹی کے صدر انوار الحق اور ڈاکٹر اقبال احمد خان نے بھی شرکت کی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جس دن ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوگیا پاکستان کو کسی بیرونی امداد اور سودی قرضوں کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ کرپٹ حکمرانوں نے قومی خزانے کو لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کر رکھا ہے ،پاکستانی مزدور سالانہ 18ارب کا زرمبادلہ کما کر پاکستان میں بھیجتے ہیں مگر حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے یہی پیسہ بیرونی بنکوں میں منتقل ہوجاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بیرونی قرضہ 73ارب ڈالر ہے جبکہ پاکستان سے لوٹا گیا 500ارب ڈالر بیرونی بنکوں میں پڑا ہے ۔