راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیراہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات یکم مارچ سے شروع ہونگے۔ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد ظریف نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائیگا اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اُنہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کرنا بورڈ کی اولین ذمہ داری ہے‘ جسے ہم خوش اسلوبی سے سرانجام دینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ کے باعث امتحانی نظام شفاف اور بوٹی مافیا کا خاتمہ ہوا۔ تعلیمی بورڈز کو کمپیوٹرائزیشن اور آٹومیشن سے آراستہ کرنے کا سہرا بھی پنجاب حکومت کے سر ہے۔ چیئرمین بورڈ نے جنگ کو بتایا کہ طلباء و طالبات کی سہولت کیلئے بورڈ آفس میں قائم ون ونڈو آپریشن میں خصوصی ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ باہر سے آنیوالوں کو کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ ڈاکٹر محمد ظریف نے تمام بورڈ افسران و ملازمین کو بھی ہدایت کی کہ اپنے فرائض منصبی دلجمعی اور احسن طریقے سے سرانجام دیں۔