• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10مارچ کو بلاول کاملتان میں جلسہ تاریخی ہوگا، یوسف رضا گیلانی

ملتان (سٹاف رپورٹر ) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 10مارچ کوبلاول کاملتان میں جلسہ تاریخی ہوگا،قاسم باغ سٹیڈیم کوبھرنا بہت بڑاٹاسک ہے جسے کارکن  پورا کرینگے۔وہ جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں مقامی میرج کلب میں پارٹی کے ارکان اسمبلی ،ٹکٹ ہو لڈرز ، عہدیداران و کارکنان کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔اجتماع کی صدارت مخدوم احمدمحمود نے کی۔ اس موقع پرتحریک انصاف کے سابق رکن ضلع کونسل ملک حسن راں اورسابق ارکان صوبائی اسمبلی ملک عباس راں ، ملک ارشد راں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔ یوسف رضا گیلانی نےکہاکہ ملتان کا جلسہ اس لئے اہم ہے کہ یہاں20سال بعدبلاول بھٹو اپنے ناناذوالفقارعلی بھٹواوروالدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے بعدجلسہ عام سے خطاب کرینگے،پیپلز پارٹی کی قیادت نے عوام کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے محترمہ بے نظیر بھٹو کوکہاگیاتھاکہ وہ ملک میں نہ آئیں ان کی جان کو خطرہ ہے مگر وہ عوام کیلئے آئیں اورمحترمہ کوہم سے جدا کر دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے 1973کا آئین بحال کیا، سینٹ سے جنوبی پنجاب صوبے کی آئینی ترمیم منظورکرائی اور آج شریف برادران جب جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کرنے کی بات کرتے ہیں تو یہ واضح ہے کہ حکمرانوں نے ہمارے خطے کے حق کو تسلیم کرلیاہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عدالتوں کے احترام کادوسرانام ہے، آج بھی ہم عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔قبل ازیں مخدوم احمد محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک انصاف کاگراف نیچے اورپیپلز پارٹی کااوپرجارہاہے اوربلاول کے ملتان جلسہ کے بعد 2018کاالیکشن سندھ کے بعدپنجاب میں پیپلز پارٹی جیتے گی ۔اجتماع میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈرسردارشہاب الدین سیہڑ ،بیرسٹر حیدر زمان قریشی،نتاشہ دولتانہ ، عبد القادر شاہین ، خواجہ رضوان عالم ، سید ناظم  شاہ، ملک مختار اعوان، معظم جتوئی ،احمدمجتبیٰ گیلانی، سید عبدالقادرگیلانی ،ٹوچی خان، علی موسیٰ گیلانی، علی حیدر گیلانی، مخدوم عطاء محمد تونسوی، نفیس  انصاری ،حبیب اللہ شاکر، ایم سلیم راجہ ، نشیدعارف گوندل، بشری نقوی،سردار داؤد ،ممتازچاند، ملک بشیراحمد، ملک الطاف گرا، ملک اورنگزیب گرا، حنیف سیال ، ناصربلوچ، فرحان گیلانی، ملک مظہرحسین گرا ، ایم اللہ بخش بھٹہ ،شفقت رضا شفقت ، مرزانذیربیگ ،چوہدری یٰسین، ضیاء انصاری ، عبد الرؤف لودھی ودیگرنے شرکت کی ۔
تازہ ترین