ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان سمیت پنجاب بھر میں سرکاری و نجی یونیورسٹیوں ‘ کالجو ں اور سکولوں میں سکیورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، معلوم ہوا ہے کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے حکم پرتعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیاگیا ہے،تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمدکریں ‘سی سی ٹی وی کیمرے اگر خراب ہو گئے ہیں تو انہیں ٹھیک کرالیں اور کسی کو بھی بغیر چیکنگ اند ر داخل نہ ہونے دیں،ضلع انتظامیہ ‘ پولیس ‘ سپیشل برانچ ‘ سی ٹی ڈی ‘ کرائم برانچ اور حساس اداروں کے افسروں و اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں ازسر نو یونیورسٹیوں ‘ کالجوں اور سکولوں میں سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیں گی ‘ جہاں ضرورت محسوس ہوگی وہاں سرچ آپریشن بھی کئے جائیں گے۔